تازہ ترین

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بہت بڑی کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد حکومت نے ملک میں لگی کئی سخت پابندیاں اور کفایت شعاری کے اقدامات واپس لے لیے ہیں۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے، اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔قیمتوں میں اس بڑی کمی کی اصل وجہ عالمی منڈی میں تیل کا سستا ہونا اور مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کا خاتمہ ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں عوام نے جس صبر کا مظاہرہ کیا، یہ کمی اسی کا پھل ہے اور عالمی مارکیٹ کا یہ فائدہ من و عن عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔تیل سستا ہوتے ہی ملک میں کاروبار اور سرکاری دفاتر کے حوالے سے بھی بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ حکومت نے پیٹرول بچانے کے لیے جو جمعہ کی اضافی چھٹی شروع کی تھی، اسے اب پوری طرح ختم کر دیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ہی سرکاری افسران کے لیے پیٹرول کی جو کٹوتیاں کی گئی تھیں وہ بھی بحال کر دی گئی ہیں، اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند کرنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔تاہم، بجلی اور توانائی بچانے کے لیے یہ حکم برقرار رکھا گیا ہے کہ تمام دکانیں اور کاروباری مراکز رات نو بجے ہی بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالوں اور دیگر تقریبات کے ہالز کو رات دس بجے تک بند کرنے کی پرانی ہدایت پر عمل کرنا ہوگا۔ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے اثرات مارکیٹ میں بھی نظر آنے لگے ہیں اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے فوری طور پر سامان لانے لے جانے والے ٹرکوں اور گاڑیوں کے کرایوں میں دس فیصد کمی کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement