سکھر: عدالتی احکامات پر پولیس ویلفیئر کی تمام دکانیں اور دفاتر سرکاری تحول میں لے لیے گئے
وفاقی آئینی عدالت اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سکھر پولیس نے بڑا آپریشن کیا اور پولیس ویلفیئر سے متعلق تمام دکانوں اور دفاتر کو سرکاری تحویل میں لے کر سیل کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق آئینی پٹیشنز نمبر 292/2024 تا 300/2024 میں جاری عدالتی احکامات کی روشنی میں کارروائی کی گئی۔آپریشن کے دوران متعلقہ املاک کو خالی کرا کر ان پر سرکاری سیل لگا دی گئی جبکہ تمام ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد نوٹسز اور ریمائنڈرز جاری کیے جانے کے باوجود دکانیں خالی نہیں کی گئیں جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی کے مترادف تھا۔ اسی تناظر میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن نے واضح کیا ہے کہ سیل شدہ دکانوں یا دفاتر کی سیل کھولنے، اندر داخل ہونے یا کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں توہین عدالت اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اگر کسی شخص نے سیل توڑنے، قبضہ کرنے یا دوسروں کو اس عمل پر اکسانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت قانونی اور تعزیری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Leave A Comment