مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات؛ شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مشترکہ نمبر ون قرار
دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی سالانہ فہرست ’دی مسلم 500‘ کے 2027 ایڈیشن میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔اس اعزاز میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔
اُردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے شائع کردہ اس فہرست کا 2027 ایڈیشن اس اشاعت کا اٹھارہواں سالانہ ایڈیشن ہے، جس میں اس مرتبہ پہلی بار 5 عالمی رہنماؤں کو مشترکہ طور پر سرفہرست رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تازہ اشاعت میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو ایک مشترکہ دفاعی اور تزویراتی تعاون کے تناظر میں نمایاں کیا گیا ہے۔فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی حیثیت سے اس مشترکہ طور پر اعزاز میں شامل کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان جبکہ ترکیہ کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو بھی اسی پوزیشن پر جگہ دی گئی ہے۔اشاعت کے خصوصی مضمون ’جوائنٹ نمبر ون‘ میں ادارے نے اس فیصلے کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا ہے۔
7 اگست 2026 کو طے پانے والے اس معاہدے نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اجتماعی دفاعی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ ادارے نے ان ممالک کی عسکری صلاحیت، مالی وسائل اور دفاعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کے اہم پہلوؤں کے طور پر بیان کیا ہے۔پاکستانی قیادت کے حوالے سے اس اشاعت میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی کردار اور معاہدے کے لیے ضروری حکومتی و انتظامی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تعاون میں ان کے کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔
کتاب کے ٹاپ 50 کے ابتدائی چارٹ میں سعودی قیادت کو نمبر ایک، پاکستانی قیادت کو نمبر 2 اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو نمبر 3 پر درج کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس کتاب میں خصوصی مضمون ’جوائنٹ نمبر ون‘ کے خصوصی حصے اور شخصیات کی تصاویر میں پانچوں رہنماؤں کو مشترکہ پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔فہرست میں ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے، جبکہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی ساتویں پوزیشن پر ہیں۔ اس کے علاوہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم تیرہویں اور انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو سولہویں نمبر پر شامل ہیں۔پاکستان سے تعلق رکھنے والی دیگر نمایاں شخصیات کو بھی اس اشاعت میں جگہ دی گئی ہے۔ ان میں معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل، تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذرالرحمٰن اور مولانا محمد الیاس عطار قادری شامل ہیں۔ پاکستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت اس فہرست میں ملک کی مذہبی، سماجی، سیاسی اور ثقافتی نمائندگی کو ظاہر کرتی ہے۔
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کے مطابق مسلم 500 میں کسی شخصیت کے اثر و رسوخ کا تعین صرف اس کے سرکاری عہدے یا موجودہ مقبولیت کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا، بلکہ مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، علمی اور ثقافتی شعبوں میں اس کے اثرات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔اس مقصد کے لیے ماہرین کی آرا، عوامی تجاویز اور سماجی اشاریوں سے مدد لی جاتی ہے، جبکہ کسی شخصیت کی زندگی بھر کی خدمات کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔اس اشاعت میں دنیا بھر سے 500 سے زائد مسلم شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں ابتدائی 50 شخصیات کو باقاعدہ درجہ بندی دی جاتی ہے، جبکہ باقی ناموں کو مختلف شعبوں کے تحت پیش کیا جاتا ہے۔ ان شعبوں میں مذہبی علوم، سیاست، مذہبی انتظام، دعوت و تبلیغ، فلاحی سرگرمیاں، سائنس و ٹیکنالوجی، کاروبار، میڈیا، فنون اور کھیل شامل ہیں۔