کراچی میں منکی پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ، شہر میں مجموعی تعداد 11 ہوگئی
کراچی میں منکی پاکس (ایم پاکس) کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد کراچی میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈیفنس کے رہائشی 26 سالہ شخص میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ مریض کو دو روز قبل طبیعت خراب ہونے پر نیپا اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اسے آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا۔مریض کے پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد ایم پاکس کی تشخیص کی گئی۔ مریض کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور اس کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ نیپا اسپتال میں اب تک ایم پاکس کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ کراچی بھر میں اس مرض کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی مشورہ حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
Leave A Comment