رحیم یارخان : ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس گزشتہ 15 روز سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شدید بحران کا شکار
رحیم یارخان(أن لائن)ضلع بھر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مالی معاملات سے وابستہ اہم ترین ادارہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس گزشتہ 15 روز سے بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شدید بحران کا شکار ہے‘ بجلی بند ہونے کے باعث دفتر کا تمام کمپیوٹرائزڈ نظام مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ ملازمین نے واپڈا حکام کی مبینہ بے حسی اور عدم توجہی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کرتے ہوئے تمام دفتری امور معطل کر دیئے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا مگر تاحال مسئلے کے حل کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ دفتر میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کمپیوٹر سسٹم‘آن لائن ریکارڈ‘ بلوں کی پروسیسنگ‘ تنخواہوں کی تیاری اور دیگر مالیاتی امور مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں جس سے نہ صرف دفتر کے ملازمین بلکہ ضلع بھر کے سرکاری اداروں کے ہزاروں ملازمین متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
جون کا مہینہ سرکاری محکموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ مالی سال کے اختتام پر مختلف محکموں کی کلوزنگ‘ فنڈز کی ایڈجسٹمنٹ‘ ادائیگیوں کی تکمیل اور مالی ریکارڈ کی تیاری جیسے اہم امور اسی دوران انجام دیے جاتے ہیں‘ ایسے نازک وقت میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کا نظام بند ہونا سرکاری امور کے لیے سنگین مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔احتجاج کرنے والے ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا حکام فوری طور پر بجلی کی بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ سرکاری کاموں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکے اور ضلع بھر کے ملازمین کو تنخواہوں اور دیگر مالی معاملات میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔