راولپنڈی : مردہ حالت میں ملنے والے نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل ، ملزم گرفتار
تھانہ پیرودھائی کے علاقے سے 2 روز قبل مردہ حالت میں ملنے والے نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرکے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا، ملزم نے نوجوان کو شادی شدہ بھانجی سے مبینہ تعلقات کے شبہے پر بھانجی اور اس کے خاوند کے ساتھ مل اغوا کیا اور پھندا لگا کر قتل کرکے لاش نالہ لئی میں پھینک دی تھی۔ پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔ 26 اکتوبر کو فضل غفار نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ بھانجا سلیم گل میرے ساتھ اعوان چوک میں رہائش پذیر ہے اور 6 دن سے گھر سے پراسرار حالات میں غائب ہے، جس کو تلاش کیا لیکن کچھ پتا نہیں چلا۔ درخواست پر پولیس نے اغوا کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی، تاہم 2 دن قبل مغوی کی لاش نالہ لئی سے ملی، جسے پھندا لگا کر قتل کیا گیا تھا۔