تازہ ترین

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور  نے شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور رکشے بند کرنے اور خصوصی ناکہ بندی و سخت چیکنگ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نئی ہدایات کے تحت 18 سال سے کم عمر ڈرائیور پکڑے جانے کی صورت میں متعلقہ گاڑی یا موٹرسائیکل کو فوری طور پر تھانے میں بند کر دیا جائے گا، جبکہ کم عمر ڈرائیور اور گاڑی کے مالک دونوں پر بڑے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ تھانے میں بند کی جانے والی گاڑی والدین کی جانب سے قانونی ضمانتی دستاویز یعنی شورٹی بانڈ جمع کروانے کے بعد ہی چھوڑی جائے گی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی کم عمر ڈرائیور دوبارہ گاڑی یا موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران شہر میں 23 ہزار 440 کم عمر ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

ٹریفک حکام کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکہ بندیوں کے ذریعے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے 16 سے 18 سال کی عمر کے 12 ہزار 219 نوجوانوں کو موٹرسائیکل چلانے کے لیے مخصوص کم عمر ڈرائیونگ اجازت نامے یعنی جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کے لیے ہرگز نہ دیں اور ان کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔