کراچی:مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 6 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عزیز بھٹی کے علاقے میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 پستول، 34 موبائل فون، نقد رقم اور ایک کار برآمد کرلی۔
لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں مولا ماداد قبرستان کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، جس کی شناخت 30 سالہ اسحاق ولد کریم بخش کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
عزیز بھٹی پارک کے قریب اینٹی کار لفٹنگ سیل نے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 24 سالہ علی حمزہ، 45 سالہ سلیم اور 45 سالہ نقیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، 34 موبائل فون، نقد رقم اور ایک کار برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کے علاوہ کاریں چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ تینوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں ڈینٹل کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت رحمان زمان کے نام سے ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 6 ای میں ندی کے کنارے پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہوگیا، جس کی شناخت 21 سالہ زاہد ولد رحیم داد کے نام سے کی گئی۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر 6 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جبکہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔