کراچی : ماں، بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ماں اور بیٹی کے قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے لاڑکانہ سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گلشن حدید میں اسٹیل ٹاؤن تھانہ کی حدود میں 5 نومبر کو ایک گھر میں گھس کر خاتون اور ان کی بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم چند روز قبل گلشن حدید فیز 2 کے ایک گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کے نتیجے میں ماں اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا اور اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس ٹیم نے دڑی تھانے کی حدود ضلع لاڑکانہ میں کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ماں اور بیٹی کے قتل میں ملوث نامزد ملزم مبشر کو گرفتار کر لیا۔ اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے ملزم کی گرفتاری کا اندراج لاڑکانہ کے دڑی تھانے میں کروایا، جس کے بعد پولیس ٹیم ملزم کو لے کر کراچی روانہ ہو چکی ہے۔