تازہ ترین

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سندھ کے حالات خراب کرنے کا بہانہ ذاتی ایجنڈا بڑھانے کے مترادف ہے۔ بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی قیادت کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر بات چیت کرنی چاہیے۔ سندھ میں حالات خراب ہونے کو ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جواز بنایا جا رہا ہے۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاحال کوئی اعتراض یا تحفظات سامنے نہیں آئے۔ وزیراعظم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اس قومی معاملے پر تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس سلسلے میں صدر مملکت سمیت دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی قابل قبول راستہ ضرور تلاش کرلیا جائے گا اور اگر پیپلزپارٹی صوبوں کے معاملے پر اتفاق نہیں کرتی تب بھی کوئی متبادل راستہ نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔

سیاسی معاملات میں تمام راستے بند کردینا ملک، سیاست اور عوام کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں نئے صوبے نہیں بنائے جاتے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات کا حل گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، نہ کہ محاذ آرائی کے ذریعے۔ جب نئے صوبوں کے معاملے پر خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس طرح کے بیانات کے ذریعے معاملے کو کس سمت لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث میں بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے بھی سامنے آرہے ہیں۔ پاکستان میں ہائبرڈ نظام حکومت کام کر رہا ہے اور اس نظام میں ان کے علاوہ بھی دیگر شراکت دار موجود ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement