پیرس ایئرپورٹ پر ڈرون کی اطلاع، تمام پروازیں اچانک روک دی گئیں
فرانس کے پیرس ایئرپورٹ کی فضائی حدود میں مشتبہ ڈرون کی موجودگی کی اطلاع پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا، جس سے مسافروں اور ایئرلائنز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایئرپورٹ حکام کو فضائی حدود میں ڈرون دیکھے جانے کی اطلاع موصول ہوئی،جس پر فوری حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے تمام پروازوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔حکام نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ایئرپورٹ کی فضائی حدود اور اطراف میں سیکیورٹی چیکنگ شروع کردی۔
کلیئرنس ملنے کے بعد کچھ ہی دیر میں پروازوں کا معمول کا آپریشن بحال کردیا گیا۔فرانسیسی قوانین کے تحت ایئرپورٹس اور حساس مقامات کے قریب بغیر اجازت ڈرون اڑانے پر پابندی ہے، کیونکہ یہ طیاروں خصوصاً ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران سنگین حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم ابتدائی رپورٹ میں مشتبہ ڈرون یا اسے اڑانے والے شخص سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔