ربیعہ احسن قتل معاملہ، اہل خانہ نے احسن طاہر کو فی سبیل اللّٰہ معاف کردیا
شوہر کے ہاتھوں مبینہ طور پر قتل ہونے والی ٹیلی ویژن پروگرام میزبان ربیعہ احسن کے اہل خانہ کا عدالت میں جمع کروایا گیا بیان حلفی سامنے آگیا ہے۔ ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی بہن کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے بیان میں کہا گیا کہ ملزم احسن طاہر نے میری بہن کا قتل نہیں کیا، یہ ایک حادثہ تھا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزم احسن طاہر کو فی سبیل اللّٰہ معاف کردیا، مقدمے کی مزید پیروی نہیں چاہتے۔بہن کی جانب سے دیے گئے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر عدالت ملزم کو ضمانت پر رہا کرے یا بری کرے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
ربیعہ احسن کے قتل میں نامزد ملزم احسن طاہر کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔مقتولہ ربیعہ احسن کی والدہ، بھائی اور بہن نے عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا تھا۔ عدالت نے بیان حلفی اور ورثا کے بیان پر ملزم کی ضمانت منظور کرلی گئی۔