پختونخوا اور وفاق کے درمیان عبوری مالیاتی معاہدہ طے پا گیا
وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے لیے قائم کردہ اپنے نامزد سیاسی انتظامی سیٹ اپ کے ساتھ عبوری مالیاتی معاہدے پر دستخط کر دیے جس کے تحت قومی اقتصادی اقدامات کے لیے چاروں صوبوں کی جانب سے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی مالی معاونت میں سے خیبرپختونخوا سالانہ 157 ارب روپے نقد گرانٹ فراہم کرے گا۔عبوری معاہدے کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے جولائی سے اکتوبر کے دوران خیبرپختونخوا کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں حصے سے پہلے ہی منہا کی گئی 17.8 ارب روپے کی رقم کو بھی قانونی تحفظ فراہم کردیا گیا ہے۔رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران چاروں صوبوں نے وفاقی حکومت کو مجموعی طور پر 107.3 ارب روپے نقد گرانٹ فراہم کی، جس میں خیبرپختونخوا کے حصے سے منہا کیے گئے 17.8 ارب روپے بھی شامل ہیں۔
عبوری مالیاتی معاہدے پر رواں ماہ کے آغاز میں دستخط کیے گئے۔ خیبرپختونخوا کی ایڈوائزری کونسل کے مشیر برائے خزانہ و محصولات طارق پاشا نے بھی پیر کو معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان مرکز کو نقد گرانٹ دینے کا معاہدہ طے پایا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ مالیاتی آپریشنز کے خلاصے کے مطابق پہلے تین ماہ کے دوران چاروں صوبوں سے 57.5 ارب روپے نقد گرانٹ وصول ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا کے 12.7 ارب روپے بھی شامل تھے۔اس سال جون میں وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تحت قومی اہمیت کے منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات پورے کرنے کے لیے صوبے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے نقد گرانٹ فراہم کریں گے۔
وفاقی حکومت رواں ماہ آبی شعبے کے چھ ترجیحی منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی منظوری بھی دے چکی ہے۔وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد اس کے مالی معاملات شدید دباؤ کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے تحت ایف بی آر کے جمع کردہ خالص ٹیکس محصولات میں صوبوں کا حصہ بڑھا کر 57.5 فیصد کردیا گیا تھا۔تاہم دستیاب سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ 16 برسوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر 3.5 ہزار ارب روپے خرچ کیے، حالانکہ یہ صوبائی دائرہ اختیار کا معاملہ ہے۔اس کے علاوہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اٹھارویں آئینی ترمیم پر مکمل عملدرآمد کے لیے قائم سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کو بتایا تھا کہ گزشتہ 16 برسوں کے دوران آئینی طور پر صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے شعبوں پر 5 ہزار ارب روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔اس طرح 2010 سے اب تک صوبائی نوعیت کے معاملات پر وفاقی اخراجات کا مجموعی حجم 8.5 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
Leave A Comment