تازہ ترین

امریکا میں فضائی سفر کا بحران آج بھی برقرار رہا۔ فضائی حدود کھلی ہونے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ایئر لائنز اپنا معمول کا شیڈول بحال نہ کر سکیں۔ ڈلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت بڑے ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے منتظر رہے۔فلائٹ اویئر کے آج شام 6 بج کر 26 منٹ، ٹیکساس وقت، تک کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا کے اندر، امریکا آنے والی اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار رہیں۔ یہ تعداد FAA کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی صبح کی پیش گوئی سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے آج کی 41 ہزار طے شدہ پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا اندازہ لگایا تھا۔ دنیا بھر میں آج 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی پروازوں سے منسلک ہے۔ بڑی فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ امریکن ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کیں۔ ایئر لائنز نے متاثرہ مسافروں کو بغیر اضافی فیس کے دوسری تاریخوں پر سفر کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ایئر پورٹس میں شکاگو کا اوہیئر سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے پر 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئر پورٹ پر، جو ڈیلٹا کا بڑا مرکز ہے، دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک 479 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ٹیکساس میں ڈلاس فورٹ ورتھ ایئر پورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ کئی مسافروں نے رات ایئر پورٹ پر گزاری، اور سب سے زیادہ مشکلات ان مسافروں کو پیش آئیں جنہیں ڈلاس سے آگے کی پروازیں لینی تھیں۔ ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہابی ایئرپورٹ پر بھی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔<امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور روانگیاں محفوظ طریقے سے جاری ہیں، تاہم مسافروں کو مزید منسوخیوں اور تاخیر کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ایئر لائنز کو جہاز اور عملہ دوبارہ مقررہ ایئرپورٹس تک پہنچانے اور مسافروں کی دوبارہ بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک ایئر لائنز اپنا مکمل شیڈول بحال کرلیں گی۔

Leave A Comment

Advertisement