امریکا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود 2 ہزار پروازیں منسوخ؛ ہزاروں مسافر پھنس گئے
امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشنز شدید متاثر ہیں ہفتے کے روز بھی 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ ہزاروں مسافروں کو ایئرپورٹس پر مشکلات کا سامنا ہے.امریکا گزشتہ 25 برس کے طویل ترین ملک گیر فضائی گراؤنڈ اسٹاپ کے اثرات سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔اس بحران کے باعث نہ صرف عام مسافر متاثر ہوئے بلکہ پیشہ ورانہ اور کالجوں کی کھیلوں کی ٹیموں کو بھی اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں نئی ٹیکنالوجی شامل کرنے کے دوران پرانے مواصلاتی آلات پر اضافی دباؤ پڑا جس کے نتیجے میں رابطوں اور ریڈار کے نظام میں وقفے وقفے سے خرابیاں پیدا ہوئیں۔اس تکنیکی خرابی کے باعث امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کو ملک بھر میں پروازوں کی آمدورفت چار گھنٹے سے زائد وقت کے لیے روکنا پڑی۔جمعے کی رات مشرقی امریکی وقت کے مطابق تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر گراؤنڈ اسٹاپ ختم کردیا گیا تھا، جس کے بعد محدود تعداد میں اندرون ملک پروازیں روانہ ہوئیں، تاہم فضائی نظام فوری طور پر معمول پر نہیں آسکا۔
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس بحران کے اثرات مزید کئی روز تک برقرار رہ سکتے ہیں، تاہم انہیں توقع ہے کہ تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران مسافروں کے بڑے رش سے قبل فضائی آپریشنز معمول پر آجائیں گے۔
Leave A Comment