آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عراق کا بڑا فیصلہ، تیل کی برآمد کیلئے شام کا راستہ دوبارہ کھول دیا
آبنائے ہرمز میں ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد عراق نے خام تیل کی برآمد کے لیے کئی دہائیوں سے تقریباً غیر فعال شام کا زمینی راستہ دوبارہ استعمال کرنا شروع کردیا، جس کے تحت سینکڑوں آئل ٹینکرز کے ذریعے روزانہ لاکھوں بیرل تیل شام کی بندرگاہ تک پہنچایا جا رہا ہے۔
عراق کے جنوبی شہر بصرہ کے قریب تیل کے ایک ذخیرہ مرکز کے باہر سینکڑوں ٹینکر ٹرک قطاروں میں کھڑے ہیں، جہاں سے خام تیل لوڈ کرکے صحرائی راستے کے ذریعے شام کی بندرگاہ بنیاس منتقل کیا جا رہا ہے۔عراق اوپیک کا دوسرا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے اور اس کی زیادہ تر تیل کی برآمدات خلیجی بندرگاہوں کے ذریعے ہوتی ہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے اسے متبادل راستے تلاش کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
شام میں کئی سال سے جاری تنازع کے خاتمے کے بعد زمینی راستے سے تیل کی ترسیل دوبارہ ممکن ہوئی ہے، اگرچہ اس طریقے سے نقل و حمل کے اخراجات نسبتاً زیادہ ہیں۔بصرہ آئل کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل باسم عبدالکریم کے مطابق قطری توانائی کمپنی یو سی سی ہولڈنگ گزشتہ ماہ سے عراق کا خام تیل ٹرکوں کے ذریعے شام منتقل کر رہی ہے۔ان کے مطابق سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی سومو کے ساتھ معاہدے کے تحت روزانہ ایک لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ترسیل کا حجم ٹرکوں کی دستیابی پر منحصر ہے۔یو سی سی کے پاس اس وقت تقریباً 6 ہزار ٹرک موجود ہیں، جن کی تعداد بڑھا کر 10 ہزار کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ کمپنی کے ساتھ تقریباً 10 ہزار ڈرائیور کام کر رہے ہیں۔ بصرہ کے قریب طوبہ ذخیرہ مرکز سے تیل لوڈ کرکے شام کی بندرگاہ بنیاس پہنچایا جاتا ہے، جہاں تک جانے اور واپس آنے کا مکمل سفر پانچ دن تک جاری رہ سکتا ہے۔
Leave A Comment