پنوعاقل: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا قتل، دو ملزمان گرفتار
سکھر کے قریب پنوعاقل میں قومی شاہراہ پر وی آئی پی گیٹ کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کردیا گیا۔پولیس نے دہرے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیاہے ۔ پولیس کے مطابق مقتول لڑکی کی شناخت سدرہ سمیجو اور نوجوان کی شناخت دیدار شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں تعلقہ ہسپتال پنوعاقل منتقل کردی گئیں۔مسلح ملزمان نے قومی شاہراہ کے قریب ایک کوچ کو روک کر جوڑے کو نیچے اتارا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کا تعلق سمیجو جبکہ نوجوان کا تعلق شیخ برادری سے تھا۔ دونوں نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ جرگے میں انہیں الگ کردیا گیا تھا، تاہم دونوں دوبارہ گھر سے فرار ہوکر ساتھ رہنے لگے تھے۔ پولیس کے مطابق جوڑا آج پنوعاقل آیا تھا اور واپسی پر ملزمان نے تعاقب کے بعد انہیں نشانہ بنایا۔ سکھر پولیس نے دہرے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان عبدالمالک سمیجو اور عبدالحنان سمیجو کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ریپیٹر بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔