جاپان اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع
جاپان اور امریکہ کے درمیان بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہو گئیں۔ ’’کین سو رڈ‘‘ (Keen Sword) نامی مشترکہ فوجی مشقوں کا دائرہ تائیوان کے قریب سمندری حدود سے لے کر جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو تک پھیلا ہوا ہے۔ ان مشقوں میں جاپان کے تقریباً 45 ہزار فوجی اور امریکا کے 12 ہزار فوجی حصہ لے رہے ہیں۔آسٹریلیا، جرمنی اور فرانس سمیت 7 ممالک کے فوجی اہلکاروں کی بھی فوجی مشقوں میں شرکت متوقع ہے۔ مشقوں کے دوران جاپان پہلی مرتبہ اپنے نئے ٹائپ 25 موبائل میزائلوں کو صوبہ کوماموتو میں واقع ان کے اڈے سے باہر تعینات کرے گا۔ ان میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت تقریباً ایک ہزار کلومیٹر ہے۔ دونوں ممالک کی افواج ان ہتھیاروں کی رہنمائی اور تعیناتی میں باہمی رابطے کی مشق کریں گی، تاہم میزائل داغنے کا کوئی عملی مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ امریکی فوج بھی پہلی مرتبہ اپنے نیوی میرین ایکسپیڈیشنری شپ انٹرڈکشن سسٹم (NMESIS) اور میرین ایئر ڈیفنس انٹیگریٹڈ سسٹم (MADIS) کو جاپان کے جزیرے یوناغونی پر تعینات کرے گی۔ یہ نظام ڈرونز اور دیگر کم بلندی پر پرواز کرنے والے اہداف کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔