کراچی : غیر قانونی بین الاقوامی کال سینٹر پر چھاپہ، مالک سمیت 11 ملزمان گرفتار
این سی سی آئی اے کراچی نے غیر قانونی بین الاقوامی کال سینٹر پر بڑا چھاپہ مارا، غیر ملکی شہریوں سے سائبر فراڈ کرنے کے الزام میں کال سینٹر کے مالک سمیت 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں کال سینٹر کا مالک یاسر گلگتی، ایجنٹس، سپر ایجنٹس اور فلور منیجر شامل ہیں۔ شاہراہ فیصل پر ظفر سینٹر کی پہلی منزل پر قائم کال سینٹر میں کارروائی کی گئی۔ امریکی شہریوں کی بینکنگ معلومات چوری کرنے کے مبینہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان امریکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے بن کر شہریوں کو فون کرتے تھے۔ جعلی کالز کے ذریعے سوشل سیکیورٹی نمبرز اور کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ کی معلومات حاصل کی جاتی تھیں۔ ملزمان مبینہ طور پر بینکنگ معلومات حاصل کرکے غیر قانونی مالیاتی لین دین میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ڈیجیٹل آلات اور دیگر الیکٹرانک سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ مقدمے میں نامزد دو ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ این سی سی آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں 13 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا۔