رحیم یارخان:ڈاکٹرکی مبینہ غفلت سے پانچ سالہ بچے کی ہلاکت پر ذمہ دار ڈاکٹرکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری
رحیم یارخان()ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نے شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹرکی مبینہ غفلت سے پانچ سالہ بچے کی ہلاکت پر ذمہ دار ڈاکٹرکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردئے .
پنجاب ہیلتھ کیئرکی جانب سے بچے کی ہلاکت پر انکوائری میں غفلت ثابت ہونے پر ذمہ دار ڈاکٹرکوایک لاکھ روپے جبکہ شیخ زید ہسپتال انتظامیہ کودولاکھ روپے مالیت کاجرمانہ عائد کیاگیاتھا’ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نے پانچ سالہ بچے بشارت نواز کی شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹر حمزہ سومرو کی مبینہ غفلت سے ہلاکت پر باپ غریب نواز کی جانب سے دائر کی جانیوالی رٹ کومنظورکرلیا اور بچے کی ہلاکت کے ذمہ داران کے خلاف پولیس کومقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ’اس موقع پر متوفی بشارت نواز کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیارکیا کہ دوران علاج مبینہ غفلت ’بروقت طبی امداد نہ ہونے کی باعث بشارت نواز کی ہلاکت ہوئی جس پر ورثاء کے احتجاج پر پنجاب ہیلتھ کیئرکمیشن کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات عمل میں لائے جانے پر ذمہ دار ڈاکٹرحمزہ سومرو کی جانب سے سینئرڈاکٹروں سے مشاورت نہ کرنے جبکہ ہسپتال میں سینئررجسٹرارز اورریڈیالوجسٹ کی عدم دستیابی کی نشاندہی ہوئی تھی کمیشن نے انتظامی کوتاہیوں پرڈاکٹرحمزہ سومرو کوایک لاکھ روپے جبکہ شیخ زید انتظامیہ کودولاکھ روپے جرمانہ عائد کیاتھا.
عدالت نے ایڈووکیٹ کے دلائل سننے اوردستیاب ریکارڈ کاجائزہ لینے کے بعد قراردیا کہ درخواست کے مندرجہ جات سے قابل دست اندازی پولیس جرم کاانکشاف ہوتاہے فاضل عدالت نے رٹ منظورکرتے ہوئے پولیس کوذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے