امریکی ریاست پنسلوانیا میں فائرنگ کا المناک واقعہ، 9 افراد ہلاک، 2 بچے بھی شامل
امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر ایری میں فائرنگ کے ایک المناک واقعے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کو شام تقریباً 5 بجے پیری اسٹریٹ کے علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملی جہاں ایک مسلح شخص کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد وہ ایک گھر میں داخل ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق دو خواتین کی لاشیں گھر کے باہر جبکہ دیگر متاثرین کی لاشیں گھر کے اندر سے ملیں پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو بھی مردہ پایا جس کے بارے میں ابتدائی اطلاعات ہیں کہ اس نے خود کو گولی مار کر ہلاک کیا۔اس واقعے کے بعد پولیس اور خصوصی سیکیورٹی اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی۔
ایری پولیس چیف رک لوراہ نے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے 28 سال سے زائد کے تجربے میں انہوں نے اس نوعیت کا سانحہ نہیں دیکھا۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور شہر کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس نے تاحال متاثرین کی شناخت اور حملے کی وجہ کے بارے میں حتمی معلومات جاری نہیں کیں۔