كرسٹیانو رونالڈو ایک شرط پر دوبارہ پرتگال کی طرف سے کھیلنے کے لیے آمادہ
رپورٹ کے مطابق 41 سالہ رونالڈو اب بھی پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کے خواہش مند ہیں، تاہم ان کی واپسی ایک شرط سے جڑی ہوئی ہے۔کرسٹیانو رونالڈو اس وقت تک پرتگال کی ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہتے جب تک موجودہ ہیڈ کوچ جارج جیسس ٹیم کے کوچ ہیں۔ یعنی جارج جیسس کے عہدے سے الگ ہونے کی صورت میں رونالڈو کی دوبارہ پرتگال کی شرٹ میں نظر آنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔کرسٹیانو رونالڈو حال ہی میں پرتگال کے قومی ٹیم کے کیمپ سے باہر ہوگئے تھے۔ اس کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا تھا کہ کیا وہ دوبارہ پرتگال کی شرٹ میں نظر آئیں گے یا نہیں۔رونالڈو اور کوچ جارج جیسس کے درمیان اختلافات کے بعد صورتحال خراب ہوئی، جس کے نتیجے میں رونالڈو نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا۔
دوسری جانب جارج جیسس نے رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا دروازہ بند نہیں کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے رونالڈو کی واپسی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ فیصلہ رونالڈو خود کریں گے۔جارج جیسس نے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو قومی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اگلے کھلاڑیوں کے چناؤ سے پہلے بات چیت کر سکتے ہیں لیکن اصل فیصلہ کرسٹیانو رونالڈو نے ہی کرنا ہے۔ کوچ کا کہنا تھا کہ، ’میں نے اپنی پہلی کال اپ میں کہا تھا کہ مجھے آپ کی ضرورت ہے، آپ میرے قریب رہیں، چاہے کھیلیں یا نہ کھیلیں اور میں آج بھی یہی کہہ رہا ہوں۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا بھی رونالڈو اور جارج جیسس کے درمیان ہونے والی صورتحال سے واقف ہیں۔ رونالڈو کے کیمپ چھوڑنے سے پہلے ان کی کوچ اور کھلاڑی کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی تھی۔پروینسا نے اس معاملے کو ”غلط فہمی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اندرونی طور پر حل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا، “ہم دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی کی بات کر رہے ہیں، جس نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پرتگالی فٹبال کو بہت کچھ دیا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ وہ ہمارے ملک کا فخر ہیں اور اگر وہ فٹ ہیں تو ہمیشہ ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ رونالڈو پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کو صرف ایک ملازمت نہیں سمجھتے بلکہ وہ اپنے ملک سے گہری محبت رکھتے ہیں۔رونالڈو ہمارے ملک کی علامت ہیں۔ وہ پرتگال کے ایک آئیکون اور غیر معمولی کھلاڑی ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کے بعد بھی اپنا بین الاقوامی کیریئر ختم کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے قومی ٹیم سے محبت کی وجہ سے ایسا نہیں کیا۔‘
رونالڈو کی واپسی اب کوچ کے مستقبل سے جڑی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں یہ واضح نہیں کہ جارج جیسس اور رونالڈو کے درمیان اختلاف کس طرح ختم ہوگا اور کیا دونوں آئندہ دوبارہ ایک ساتھ کام کر سکیں گے۔
Leave A Comment