ہم نے تو ابھی آغاز کیا ہے: حاقان فیدان کا مکہ دفاعی معاہدے پر تنقید کرنیوالوں کو منہ توڑ جواب
ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے مکہ دفاعی معاہدے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے قائم ہونے والے دفاعی اتحاد کو یمن کے طویل بحران کی بنیاد پر ناکام قرار دینا مناسب نہیں، کیونکہ ہم نے تو ابھی آغاز کیا ہے۔نیویارک میں ’ترکیہ اور امریکا تعلقات: صد سالہ دور میں‘ کے عنوان سے منعقدہ پینل میں حاقان فیدان سے سوال کیا گیا کہ یمن میں حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے کیا مکہ دفاعی معاہدے کا پہلا امتحان نہیں اور اس معاہدے نے اس امتحان میں کیسی کارکردگی دکھائی ہے؟ترک وزیرِ خارجہ نے جواب دیتے ہوئے ہال میں موجود امریکا کے سابق انقرہ سفیر جیمز جیفری کی جانب اشارہ کیا اور ان سے پوچھا کہ وہ فوج میں کب شامل ہوئے تھے، جیفری نے بتایا کہ انہیں فوج میں شامل ہوئے تقریباً 50 برس ہو چکے ہیں۔اس پر حاقان فیدان نے سوال کیا کہ اس عرصے کے دوران نیٹو کے آرٹیکل 5 کو کتنی مرتبہ فعال ہوتے دیکھا گیا؟ ہال سے جواب آیا، صرف ایک مرتبہ۔
ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ یہ بالکل منصفانہ نہیں ہے، کوئی بھی نیٹو کو ’کاغذی شیر‘ قرار دے کر تنقید نہیں کرتا، لیکن جب ایک نیا قائم ہونے والا دفاعی اتحاد ہو تو 10 سالہ بحران، یعنی یمن کے بحران کو مثال بنا کر کہا جاتا ہے کہ دیکھیں، یہ کام نہیں کر رہا۔