ایران کا امریکی ناکہ بندی توڑنے کا اعلان، جزیرہ خارک پر 14 سے زائد تیل بردار جہاز جمع
ایران نے امریکی بحری اور معاشی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ممکنہ طور پر تیل بردار جہازوں کے قافلے کو سمندر میں روانہ کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد معاشی ناکہ بندی کو ایران جنگی اقدام تصور کرتا ہے اور تہران اسے ختم کرانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ایران نے اپنا مؤقف امریکا اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک، بشمول قطر تک پہنچا دیا ہے۔انہوں نے تصدیق کی کہ قطری حکام کا ایک وفد گزشتہ روز تہران پہنچا تھا جہاں ایرانی حکام کے ساتھ دو گھنٹے تک مذاکرات ہوئے۔ تاہم ان مذاکرات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب سیٹلائٹ تصاویر اور بحری جہازوں کی نگرانی کرنے والے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے اہم تیل بردار مرکز جزیرہ خارک پر 14 سے زائد آئل ٹینکرز جمع ہیں۔ان جہازوں کے عملے کو بھی تعینات کردیا گیا ہے اور ان پر ایرانی پرچم لہرا دیے گئے ہیں۔ایران ان جہازوں کو قافلے کی شکل میں خلیج عمان کی جانب روانہ کرنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ امریکی ناکہ بندی کو چیلنج کیا جاسکے۔ تاہم قافلے کی روانگی کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔