تازہ ترین

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ہفتے کے اختتام پر کیمرون اوریلی کے ساتھ شادی کی جس کی تصدیق جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی کی ہے۔جمائما گولڈ اسمتھ کی عمر 52 سال جبکہ ان کے شوہر کیمرون او ریلی کی عمر 62 سال ہے، کیمرون آئرش آسٹریلوی شہری ہیں اور وہ معروف میڈیا شخصیت اور سابق رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی منگنی رواں سال مئی میں سامنے آئی تھی،دونوں کے درمیان تقریباً ایک سال سے تعلق قائم تھا۔جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے گزشتہ رات جوڑے کی شادی کی تصدیق کی جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے آن لائن پیغام میں اسے خوشی کا دن قرار دیا۔

جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے،دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے تھے، ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی اور رومانوی تعلق سے پہلے وہ کچھ عرصے تک دوست رہے۔

کیمرون انتہائی نجی زندگی پسند شخصیت ہیں اور جمائما بھی ان کی نجی زندگی کا تحفظ کرنا چاہتی ہیں،کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں جبکہ جمائما کے سابق وزیراعظم عمران خان سے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم ہیں۔جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان سے شادی کی تھی،دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تاہم 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔جمائما اور عمران خان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان کے ساتھ تعلقات اور ان کے بچوں سے متعلق معاملات عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement