صدر پزشکیان نے سفارتکاری کے ذریعے تنازع حل کرنے کا عندیہ دیدیا
ایران نے امریکہ کے ساتھ تنازع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ جاری تنازع کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے گا۔تہران مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کرے گا۔مسعود پزشکیان نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے متعلق کہا کہ انہوں نے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے حکومت کو بعض خصوصی اختیارات دیدیئے ہیں۔سپریم لیڈر کی جانب سے دیئے گئے اختیارات کے تحت حکومت امن مذاکرات کے معاملے پر اقدامات کرسکتی ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ جنگ کے ذریعے دشمن ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتا اور جنگ کے ذریعے ایران کو جھکانے یا اپنی شرائط منوانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
اس پیش رفت کو امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔ تاہم حکومت کو دیئے گئے اختیارات کی نوعیت اور دائرہ کار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔