کرکٹ کی طرح جیولن تھرو میں بھی رفتار معلوم ہوگی، ورلڈ ایتھلیٹکس کا بڑا فیصلہ
ورلڈ ایتھلیٹکس نے جیولن تھرو کے مقابلوں میں مزید جدت لانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت کرکٹ میں فاسٹ باؤلنگ کی طرح جیولن تھرو کی رفتار بھی معلوم کی جاسکے گی۔ورلڈ ایتھلیٹکس اور ٹی ڈی کے کے درمیان جیولن میں سینسر نصب کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ جدید سینسر جیولن کے زمین پر پہنچنے تک اس کی پرواز سے متعلق مختلف تفصیلات فراہم کرے گا، جن میں تھرو کے بعد منزل تک پہنچنے کا وقت، بلندی، رفتار اور جیولن کے پرواز کے راستے کی معلومات شامل ہوں گی
ورلڈ ایتھلیٹکس کے مطابق نئی ٹیکنالوجی سے ایتھلیٹس کو اپنی کارکردگی کا زیادہ گہرائی سے تجزیہ کرنے اور اسے بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ورلڈ ایتھلیٹکس اور ٹی ڈی کے کے اشتراک سے تیار کیے گئے جدید ترین جیولن کی آزمائش آج بڈاپسٹ میں کی جائے گی۔آزمائشی مرحلے میں سری لنکا کے رمیش تھرنگا اور ورلڈ چیمپئن کیشرون والکوٹ جیولن تھرو کریں گے، جبکہ ویمنز جیولن تھرو کی اولمپک چیمپئن جاپان کی ہوروکا بھی اس موقع پر موجود ہوں گی۔ ہنگری کی جونیئر نیشنل چیمپئن بھی آزمائش کے موقع پر موجود ہوں گی۔