جاپان میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی، 4 افراد ہلاک
جاپان کے مشرقی علاقے چیبا میں شدید بارش اور سیلاب کے باعث 4 افراد ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہوگیا۔ جاپانی محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ ٹوکیو کے قریب چیبا میں 24 گھنٹوں کے دوران 367 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ شدید بارش سے 25 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ خراب موسم کے باعث 7 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹس پر ہی پھنس گئے۔ ٹرینیں منسوخ اور اہم شاہراہیں بند کردی گئیں۔متاثرہ علاقوں میں ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کی مدد بھی طلب کی گئی ہے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
جاپان کی محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا کہ مزید دو روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلے اور بالخصوص ساحلی علاقوں کا رخ نہ کرے۔
جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے، سونامی، ٹائفون، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ معمول کی قدرتی آفات ہیں۔