میر رضا کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، گولی پیچھے سے لگی
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، میر رضا کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، میر رضا کے جسم پر کالے دھبے بھی تھے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس سرجن کے اٹھائے تمام 14 سوالات کا جواب ابتدائی رپورٹ میں مل گیا ہے۔ میر رضا کی قبر کشائی کےعمل کے بعد سے میڈیکل ٹیم پولیس سرجن آفس میں موجود تھی، میر رضا علی کے والد اور وکیل جبران ناصر بھی پولیس سرجن آفس میں موجود تھے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے آگاہ نہیں کیا گیا، رپورٹ سے متعلق اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔
قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 سیمپلز حاصل کیے گئے، تفتیشی ذرائع
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کی قبر کشائی کے دوران مجموعی طور پر 17 سیمپلز حاصل کیے گئے، 4 نمونے ڈی این اے جانچ جبکہ دیگر کیمیکل ایگزامن کی غرض سے حاصل کیے گئے، دو ریفرنس سیمپلز میر رضا علی کے والدین سے حاصل کیے گئے جن سے ڈی این اے میچ کیا جائے گا۔کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے رپورٹس کا رزلٹ 3 سے 4 روز میں متوقع ہے، قبر کشائی کے دوران حاصل تمام نمونوں کو محفوظ کرلیا گیا، پیر کے روز جامعہ کراچی کی فارنزک لیب میں تمام سیمپلز جمع کروائے جائیں گے۔ قبر کشائی کا عمل آج تقریباً 3 گھنٹے تک ماہرین کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔
میر رضا کے والدین کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ آج شام اگر رپورٹ میں کچھ آگیا تو دو دن میں قاتل کو پولیس سامنے لے آئے گی۔گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ میر رضا کی قبر کشائی کی تمام کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ پولیس سرجن کی جانب سے 14 تحفظات اٹھائے گے تھے جن کے جوابات مل جائیں گے۔