آزاد کشمیر انتخابات : 2 پریزائیڈنگ افسران گرفتار
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کرکے گرفتار کرادیا، مذکورہ افسران پولنگ اسٹیشن جانے کے بجائے اپنے گھر چلے گئے تھے۔ آزاد کشمیر کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران کیخلاف الیکشن کمیشن نے فوری ایکشن لیتےہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 2پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے۔دونوں پریزائیڈنگ افسران کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے، ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی جگہ دو نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کرکے پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کردیے گئے ہیں۔ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کیخلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بےضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔