وزیراعظم، فضل الرحمان کی قدر اور عزت کرتے ہیں، وہ نہیں چاہیں گے کہ سیاسی طور پر مولانا ہمارے خلاف کھڑے ہوں: رانا ثناءاللہ
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قدر اور عزت کرتے ہیں، وزیراعظم نہیں چاہیں گے کہ سیاسی طور پرمولانا ہمارے خلاف کھڑے ہوں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ملک میں ایک ایسا پراسرار ماحول پایا جاتا ہے کہ ہروقت کچھ نہ کچھ بات اس طرح ہورہی ہوتی ہے کہ یہ ہونے والا ہے وہ ہونے والے ہے جس کو غیریقینی کہہ سکتے ہیں، چوہدری سالک نے جو بات کی ان کے لیے یہ بات نامناسب تھی، لوگ بات کرتے ہیں کہ فلاں ہوگیا لیکن ان کے پاس ثبوت نہیں ہوتے۔انہوں نے بتایاکہ خواجہ آصف نے کہا کہ اس قسم کی باتیں لوگ کرتے ہیں تو ان کی خواہشات اور پروگرام ہوتے ہیں، خواہشات تو ہوتی ہیں کوشش کوئی کرسکے یا نہ کرسکے یہ الگ چیز ہے، ان باتوں میں عملی طور پر کم اور افواہ سازی زیادہ ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ گروپ بنانے والے کا نام لے کر ذکر کروں گا تو ویسی ہی بات ہوگی جیسے چوہدری سالک نے کی، انہوں نے بات کی کہ الماری تو بھری ہوئی ہے مگر ثبوت میرے پاس کوئی نہیں، جب تک کوئی سامنے آکر بات نہ کرے تب تک کسی کا نام نہیں لے سکتے، سینہ گزٹ، افواہ سازی اور پروپیگنڈا ہمیشہ رہا ہے کہ یہ ہورہا ہے وہ ہورہا ہے۔