سوات میں گلیشیئر پھٹ گیا؛ 7 کوہ پیما زد میں آگئے، ایک لاپتا
سوات کے علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹ گیا، جس کی زد میں 7 کوہ پیما آگئے۔ریسکیو ٹیم کے مطابق کوہ پیما چھوٹا کے ٹو کے بیس کیمپ جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 3 کوہ پیما زخمی ہوئے ہیں، جنہیں سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ضلعی ایمرجنسی افسرکی ہدایت پر فوری طور پر طبی ٹیم روانہ کی گئی ہیں، جس نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سیدو شریف منتقل کیا۔لاپتا شخص کی تلاش جاری ہے، تاہم یہ واقعہ ایک دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں پیش آیا ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید پیش رفت سامنے آنے پر معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ریسکیو ٹیم کے مطابق حادثے میں 3 کوہ پیما محفوظ رہے، جبکہ خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سید علی شاہ لاپتا ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔