کرک اور کوہاٹ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں ، 4 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخواہ کے ضلع کرک اور کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، میڈیا روپورٹس کے مطابق پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس حوالے سے سنٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشتگرد کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور پولیس پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے خٹک ڈیم کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کمانڈر زاہد گروپ سے تھا، جو متعدد پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت میں ملوث رہا ہے۔ بیان کے مطابق یہ دہشت گرد 2025 اور 2026 کے دوران پولیس پر ہونے والے کئی حملوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ سنٹرل پولیس آفس نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔