حوثی باغیوں کی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی دھمکی
یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوبارہ یمن کی فضائی حدود میں مداخلت کی گئی یا ایرانی طیاروں کی آمد میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو سعودی عرب کے ایئرپورٹس، اہم تنصیبات اور حساس مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو یمن کی فضائی حدود میں مداخلت کی کسی بھی کوشش سے باز رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ حوثیوں نے سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ایک ایرانی شہری طیارے کو صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے روکنا تھا۔مذکورہ طیارے میں 200 سے زائد زخمی، بیمار اور مختلف وجوہات کی بنا پر پھنسے ہوئے یمنی شہری سوار تھے، جنہیں واپس وطن لایا جا رہا تھا۔