علی بابا گروپ کا پاکستانی کاروبار کی برآمدات بڑھانے کیلئے اے آئی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
معروف چینی ویب سائٹ ’علی بابا ڈاٹ کام‘ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے پاکستانی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی خریداروں تک پہنچنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ڈیجیٹل سلوشنز کا ایک سیٹ پیش کیا ہے۔
ایشیاء پیسیفک کے جنرل منیجر شان یانگ کی قیادت میں علی بابا گروپ کے ایک وفد نےوزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران ڈیجیٹل تجارت، صنعتی ترقی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے پاکستانی کاروباری اداروں کی برآمدات بڑھانے کے لیے تعاون کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔دورانِ ملاقات اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تعاون سے ڈجی ایس ایم ای پاکستان پروگرام کا آغاز کرنے پر اتفاق ہو گیا۔شان یانگ نے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات علی بابا ڈاٹ کام کے پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی خریداروں کو راغب کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں۔کمپنی کے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے میچنگ ٹولز پاکستانی کاروباری افراد کو بیرونِ ملک صارفین کی ڈیمانڈ پر پورا اترنے میں مدد کریں گے۔
ہارون اختر خان نے علی بابا گروپ اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے درمیان حالیہ دورۂ چین کے دوران مفاہمتی یادداشت پر ہونے والے دستخط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کی خدمات سے ایس ایم ایز کو ڈیجیٹل تجارت کے ذریعے عالمی منڈیوں میں شامل ہونے اور نئی اقتصادی راہیں کھولنے میں مدد ملے گی۔
Leave A Comment