دبئی : ٹریفک حادثہ ، ٹرک سے منی بس کی ٹکر، 7 افراد جاں بحق، 9 زخمی
دبئی کی اہم ترین شاہراہ امارات روڈ پر ٹریفک حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے امارات روڈ پر ایک خطرناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک مسافر منی بس اور ٹرک کے مابین خوفناک ٹکر کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 9 دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار منی بس سڑک کے درمیان خراب کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔
دبئی پولیس کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ سڑک پر چلنے والا ایک ٹرک اچانک تکنیکی خرابی کے باعث امارات روڈ کے بالکل درمیان میں ہی رک گیا تھا، پیچھے سے آنے والی مسافر منی بس کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر سڑک پر توجہ برقرار نہیں رکھی اور آگے موجود گاڑی سے مروجہ حفاظتی فاصلہ برقرار رکھنے میں ناکام رہا، غفلت اور تیز رفتاری کے باعث منی بس کھڑے ٹرک کے پچھلے حصے سے انتہائی زور دار طریقے سے جا ٹکرائی جس سے بس کے پرخچے اڑ گئے. دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ٹریفک پیٹرولنگ پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیا گیا، اس حادثے کے نتیجے میں 7 افراد کی اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 9 افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، 4 افراد کو درمیانی نوعیت کے زخم آئے، تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد اور علاج کیلئے ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
Leave A Comment