امریکی سینیٹ میں حکومتی اخراجات کا بل منظور، شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا
امریکی سینیٹ نے حکومتی اخراجات کا ایک بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد حکومت کے جزوی شٹ داؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ امریکی سینیٹ میں یہ بل46 کے مقابلے میں 54 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا، گزشتہ ہفتے امریکی ایوانِ نمائندگان نے بھی یہ بل کثرتِ رائے سے منظور کیا تھا۔ سینیٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی میں اس قلیل المدتی جاری قرارداد (سی آر) کی حمایت یا مخالفت کے معاملے میں اختلافات سامنے آئے تھے۔ اس قرارداد کی منظوری سے اگلے چھ ماہ تک امریکی حکومت کو فنڈنگ مل سکے گی تاہم یہ گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً سات ارب ڈالرز کم ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ میں ٹاپ رینکنگ ڈیموکریٹ اقلیتی رہنما چک شومر نے اعلان کیا تھا کہ اگرچہ وہ اس بل کو ناپسند کرتے ہیں لیکن شٹ ڈاؤن بہت بدترین آپشن تھا، اس اعلان کے بعد کئی ڈیموکریٹس رہنماؤں نے چک شومر پر تنقید کی تھی۔چک شومر نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ری پبلکن فنڈنگ بل کو منظور نہ کرنے سے ایلون مسک کی زیرِ قیادت ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی (ڈوج) کو مزید طاقت ملتی۔بل کی مخالفت کرنے والے درجنوں ہاؤس ڈیمو کریٹس نے چک شومر کو خط لکھا تھا جس میں اُن کی جانب سے اس بل کی حمایت کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، ایوانِ نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پلوسی نے سینیٹ ٖڈیموکریٹس سے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر سینیٹ میں اپنے لیڈر کے خلاف جائیں۔