بر طا نیہ : 36 سالہ معروف ماڈل پُرتشدد حملے میں قتل، ملزم گرفتار
برطانیہ میں 36 سالہ ماڈل لیوک ہارڈن کو ایک پُرتشدد حملے میں ہلاک کر دیا گیا، یہ واقعہ لنکاشائر کے علاقے بیک اپ میں پیش آیا۔قتل کے جاری مقدمے میں عدالت کو بتایا گیا کہ حملہ نہایت اچانک، تیز اور بے حد سفاکانہ تھا، جس کے باعث متاثرہ شخص کو اپنے دفاع کا کوئی موقع نہیں ملا۔استغاثہ کے مطابق ملزم کو واقعے کے 2 روز بعد ملک چھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے مانچسٹر ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا۔پریسٹن کراؤن کورٹ میں جاری مقدمے کے دوران بتایا گیا کہ 26 سالہ ملزم بھیکیسانی ماتابسوانا نے قتل کے الزام سے انکار کیا ہے۔ بتایا گیا کہ دونوں افراد ہالووین پارٹی میں شریک تھے اور ایک دوسرے کو نہیں جانتے تھے۔ مقتول نشے کی حالت میں کلب سے باہر نکلا اور کچھ دیر بعد نیو چرچ روڈ پر اس پر حملہ کیا گیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسے زمین پر گرا کر سر پر لاتیں ماری گئیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سر اور چہرے کی شدید چوٹوں، فریکچرز اور دماغ میں سوجن کی تصدیق کی گئی۔
مقدمہ تاحال جاری ہے اور جیوری مزید شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔
Leave A Comment