کفایت شعاری مہم، کس کی تنخوا سے کتنی کٹوتی ہوگی؟ نوٹی فکیشن جاری
وفاقی حکومت نے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مزید اقدامات نافذ کرتے ہوئے آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد کردی۔ حکومت نے سرکاری کارپوریشنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز اور سرکاری ملکیتی اداروں کے اعلیٰ افسران کی تنخواہوں میں دو ماہ کے لیے کٹوتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ یہ رقم وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کابینہ ڈویژن کی 9 اور 10 مارچ 2026 کی جاری کردہ ہدایات کے تسلسل میں مانیٹرنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اقدامات کی منظوری دی ہے۔ان اقدامات کے تحت سرکاری کارپوریشنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز اور سرکاری ملکیتی اداروں کے اعلیٰ افسران کی تنخواہوں میں دو ماہ کے لیے کٹوتی کی جائے گی اور یہ رقم وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔
کتنی تنخواہ پر کتنی کٹوتی ہوگی؟
نوٹیفکیشن کے مطابق تین لاکھ سے دس لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسران کی تنخواہ سے 5 فیصد، دس لاکھ سے بیس لاکھ روپے تنخواہ والوں سے 15 فیصد، بیس لاکھ سے تیس لاکھ روپے تنخواہ والوں سے 25 فیصد جبکہ تیس لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والوں سے 30 فیصد کٹوتی دو ماہ تک کی جائے گی۔اسی طرح سرکاری نامزد افراد کو سرکاری و نجی کمپنیوں کے بورڈ اجلاسوں میں ملنے والی 100 فیصد فیس بھی آئندہ دو ماہ کے لیے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔
وزارت خارجہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ 23 مارچ 2026 کو بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں تقریبات کے بجائے سادہ پرچم کشائی کی جائے گی، علاوہ ازیں بیرون ملک مشنز کے بجٹ میں بھی چوتھی سہہ ماہی کے لیے 20 فیصد کمی اور افسران کی دو روزہ تنخواہ کی کٹوتی لاگو ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کرایوں، تعلیمی اخراجات اور طبی سہولیات سے متعلق ادائیگیاں جاری رہیں گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور ریونیو ڈویژن پر ورک فرام ہوم اور چار روزہ ورک ویک کی پابندیاں لاگو نہیں ہوں گی تاکہ محصولات کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ اسی طرح کسٹمز انفورسمنٹ اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کے آپریشنل گاڑیوں پر ایندھن میں کمی اور گاڑیوں کو بند رکھنے کی پابندی لاگو نہیں ہوگی تاہم مجموعی طور پر ایندھن کی بچت کے اہداف پورے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول آرمڈ فورسز کو بھی سکیورٹی ضروریات کے باعث ورک فرام ہوم اور چار روزہ ورک ویک سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم وہ شعبے جو براہ راست فیلڈ آپریشنز میں شامل نہیں ہیں ان پر ایندھن میں پچاس فیصد کمی اور ساٹھ فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند رکھنے کی پابندی لاگو ہوگی۔
Leave A Comment