آئندہ ماہ آسمان پر 6 سیاروں کی نایاب پریڈ: شوقین افراد کیلیے دلچسپ موقع
خلائی دنیا کے شوقین افراد کے لیے فروری کا مہینہ غیر معمولی اور یادگار نظارہ لے کر آ رہا ہے، جب آسمان پر بیک وقت 6 سیارے دیکھنے کا نایاب موقع میسر ہوگا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلکیاتی اصطلاح میں اس خوبصورت منظر کو پلانیٹ پریڈ کہا جاتا ہے، جس کے دوران نظامِ شمسی کے متعدد سیارے ایک ہی وقت میں آسمان پر ایک خاص ترتیب میں دکھائی دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسا نظارہ روزمرہ کا حصہ نہیں بلکہ مخصوص اوقات میں ہی ممکن ہوتا ہے۔فروری کے دوران رات کے وقت آسمان پر عطارد، زہرہ، زحل، مشتری، یورینس اور نیپچون کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔ اس منفرد پریڈ میں نظامِ شمسی کا صرف ایک سیارہ مریخ شامل نہیں ہوگا جب کہ باقی 6 سیارے چند دنوں تک آسمان پر مختلف زاویوں سے نظر آئیں گے۔ شمالی نصف کرے میں فروری کے آخری ہفتے کو اس نظارے کا بہترین وقت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس پلانیٹ پریڈ کو دیکھنے کے لیے ٹیلی اسکوپ کا استعمال ضروری ہوگا، کیونکہ زیادہ تر سیارے اس وقت نمودار ہوں گے جب سورج مکمل طور پر غروب نہیں ہوا ہوگا۔ عطارد اور زہرہ مغربی افق کے قریب صرف 30 سے 45 منٹ تک دکھائی دیں گے، جس کے بعد وہ افق کے نیچے چلے جائیں گے۔اسی طرح زحل اور نیپچون بھی غروب ہوتے سورج کے قریب موجود ہوں گے، تاہم ان کی باہمی قربت کے باعث ٹیلی اسکوپ سے انہیں ایک ساتھ دیکھنا نسبتاً آسان ہوگا۔عطارد اور زہرہ ایک دوسرے کے قریب نظر آئیں گے جب کہ زحل اور نیپچون بھی آسمان پر قریب قریب دکھائی دیں گے۔ اس ترتیب کے باعث فلکیات کے شوقین افراد کو 4 سیارے ایک ہی سمت میں دیکھنے کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔ مشتری اور یورینس کو تلاش کرنا نسبتاً آسان ہوگا کیونکہ یہ دونوں سیارے دیگر سیاروں کے غائب ہونے کے بعد بھی کافی دیر تک آسمان پر موجود رہیں گے۔یورینس آسمان میں جنوب کی سمت سفر کرے گا اور آدھی رات کے بعد نظروں سے اوجھل ہو جائے گا جب کہ مشتری بھی اسی راستے کے قریب ہوگا مگر قدرے فاصلے پر دکھائی دے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ پلانیٹ پریڈ دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھی جا سکے گی، تاہم مقامی وقت اور زاویوں میں فرق کے باعث آن لائن فلکیاتی سروسز سے درست تاریخ اور وقت کی تصدیق ضروری ہوگی۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ 2026 میں مجموعی طور پر 3 پلانیٹ پریڈز دیکھنے کو ملیں گی۔ فروری کے بعد اپریل میں 5 سیاروں اور پھر اگست میں دوبارہ 6 سیاروں کی پریڈ متوقع ہے۔ ایسے نایاب مناظر نہ صرف سائنسی دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ عام لوگوں میں کائنات کے بارے میں تجسس اور شعور کو بھی فروغ دیتے ہیں، اس لیے آسمان کی طرف نگاہ اٹھانے کا یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔
Leave A Comment