شہد کی مکھیوں کا عالمی دن
ہر سال 20 مئی کو دنیا بھر میں شہید کی مکھیوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس دن کا مقصد شہد کی مکھیوں اور دیگر پولینیٹرز یعنی پولن افشانی کرنے والے کیڑوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ دن اینٹون جانشا کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منتخب کیا گیا تھا، جو جدید مگس بانی کے اولین علمبرداروں میں شمار ہوتے ہیں، جانشا 1734ء میں سلووینیا میں پیدا ہوئے جہاں شہد کی مکھیوں کو پالنا ایک اہم زرعی سرگرمی ہے جس کی ایک طویل روایت ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک (ایف اے او) کے مطابق شہد کی مکھیاں دنیا کے غذائی نظام، زرعی پیداوار اور حیاتیاتی تنوع کے لیے نہایت ضروری ہیں، ماہرین کے مطابق اگر شہد کی مکھیوں کی تعداد میں کمی جاری رہی تو اس کے اثرات پوری دنیا کی خوراک، معیشت اور ماحول پر پڑ سکتے ہیں، سائنسی تحقیق کے مطابق شہد کی مکھیاں پھولوں سے رس جمع کرتے وقت ایک پودے سے دوسرے پودے تک پولن منتقل کرتی ہیں، یہی عمل پھلوں، سبزیوں، بیجوں اور کئی فصلوں کی افزائش کے لیے ضروری ہے۔دنیا کی تقریباً 75 فیصد غذائی فصلیں کسی نہ کسی حد تک پولینیٹرز پر انحصار کرتی ہیں، ان میں سیب، آم، بادام، سورج مکھی، ٹماٹر، کھیرا، تربوز اور کافی جیسی فصلیں شامل ہیں، اگر شہد کی مکھیاں ختم ہو جائیں تو ان فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں معیشت کا بڑا حصہ زراعت سے وابستہ ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پھلوں اور تیل دار فصلوں کی بہتر پیداوار میں شہد کی مکھیوں کا اہم کردار ہے، خاص طور پر آم، کینو، سورج مکھی اور سرسوں کی فصلیں پولینیشن سے زیادہ فائدہ اٹھاتی ہیں۔
پاکستان میں شہد کی پیداوار گزشتہ چند برسوں میں تیزی سے بڑھی ہے، پوٹھوہار، چکوال، سوات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقے قدرتی شہد کے لیے مشہور ہیں، ماہرین کے مطابق پاکستان میں موجود مختلف اقسام کے جنگلی پودے شہد کی اعلیٰ کوالٹی پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں، شہد کی مکھی پالنے کوApiculture کہا جاتا ہے۔یہ ایک ایسی صنعت ہے جس میں کم سرمایہ کاری کے ساتھ اچھا منافع حاصل کیا جا سکتا ہے، دیہی علاقوں میں نوجوان اس شعبے میں دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، سائنسی ماہرین کے مطابق شہد کی مکھیوں کی موجودگی صرف شہد تک محدود نہیں بلکہ یہ زرعی پیداوار میں 20 سے 40 فیصد تک اضافہ کر سکتی ہیں، اسی لئے ترقی یافتہ ممالک میں کسان فصلوں کے قریب شہد کی مکھیاں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
دنیا بھر میں شہد کی مکھیوں کی تعداد کم ہونے پر سائنسدان تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، اس کی کئی بڑی وجوہات ہیں مثال کے طور پرزرعی ادویات، موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کمی اورآلودگی، فصلوں پر استعمال ہونے والے کیمیکل اور جراثیم کش ادویات شہد کی مکھیوں کے اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہیں، بعض زہریلے سپرے ان کی موت کا سبب بھی بنتے ہیں۔درجہ حرارت میں اضافہ، بے وقت بارشیں اور خشک سالی پھولوں کے موسم کو متاثر کرتی ہیں، جس سے شہد کی مکھیوں کو خوراک کم ملتی ہے، شہروں اور دیہات میں درختوں اور پھولدار پودوں کی کمی نے ان کے قدرتی ماحول کو محدود کر دیا ہے، فضائی آلودگی بعض اوقات پھولوں کی خوشبو کو متاثر کرتی ہے جس سے شہد کی مکھیاں خوراک تلاش کرنے میں دشواری محسوس کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں شہد کی مکھیوں کے تحفظ کیلئے زرعی سپرے کے محفوظ استعمال کی تربیت، پھولدار درختوں اور پودوں کی شجرکاری، شہد کی مکھی پالنے والوں کو جدید تربیت، قدرتی جنگلات اور سبز علاقوں کا تحفظ اور سکولوں اور کالجوں میں ماحولیاتی آگاہی پروگرام کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ زرعی تحقیقاتی اداروں کو نئی اقسام کی شہد کی مکھیوں اور بہتر پولینیشن ٹیکنالوجی پر کام کر نا چاہیے تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔
شہد کی مکھی ایک چھوٹا سا جاندار ضرور ہے لیکن اس کا کردار پوری دنیا کے غذائی نظام سے جڑا ہوا ہے، پاکستان جیسے زرعی ملک کے لئے ان کا تحفظ نہایت اہم ہے، اگر شہد کی مکھیاں محفوظ رہیں گی تو زرعی پیداوار، ماحول اور معیشت بھی مضبوط ہوں گے، عالمی یومِ شہد کی مکھی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قدرتی ماحول کی حفاظت صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی بقا کا سوال بھی ہے۔
Leave A Comment