لاہور : 3 دسمبر کی ڈیڈ لائن ،روٹی کا نیا ریٹ مقرر کرو ورنہ تندور بند کردیں گے: نان روٹی ایسوسی ایشن
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کو مطالبات کی منظوری کے لیے 3 دسمبر تک کی مہلت دیتے ہوئے 4 دسمبر سے شہر بھر میں تندور بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ صدر محمد آفتاب اسلم گل کی زیر صدارت متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی مرکزی باڈی کا اجلاس ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس کے بعد ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے تندور مالکان کو سرکاری آٹے کی فراہمی بند کر دی ہے، جس کے باعث تندور مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روٹی کا نیا سرکاری نرخ مقرر کیا جائے تاکہ تندور مالکان اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں۔
نان روٹی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کو 3 دسمبر تک مطالبات تسلیم کرنے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر روٹی کا نیا ریٹ مقرر نہ کیا گیا تو 4 دسمبر بروز جمعہ ہڑتال کی جائے گی اور تندور بند کر دیے جائیں گے۔
Leave A Comment