تازہ ترین

وہاڑی(عثمان شہزاد جٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر گنے کے کاشتکاروں کے حقوق اور ان کے معاشی استحصال کے خلاف جماعت اسلامی ضلع وہاڑی/ خانیوال اور کسان بورڈ کے زیر اہتمام جے کے شوگر ملز، کچہ کھوہ روڈ کے مرکزی گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء نے حکومت اور شوگر ملز انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گنے کی فی من قیمت 700 روپے مقرر کی جائے، جے کے شوگر ملز سمیت صوبے بھر کی تمام شوگر ملز فوری طور پر چلائی جائیں اور کاشتکاروں کو گزشتہ سیزن کے گنے کی بقایا ادائیگیاں بلا تاخیر کی جائیں تاکہ کسانوں کو معاشی مشکلات سے نجات مل سکے۔

احتجاجی دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال حافظ معاذ عزیر لطیف نے کی، جبکہ ملک عظمت اللہ خان گلوتر، جنرل سیکرٹری کسان بورڈ ملتان ڈویژن نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال چوہدری افتخار الحسن سمیت جماعت اسلامی خانیوال اور وہاڑی اور کسان بورڈ کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے  شرکت کی۔ احتجاجی ریلی اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ معاذ عزیر لطیف اور چوہدری افتخار الحسن سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لیکن بدقسمتی سے کسان اپنی محنت اور سرمایہ لگانے کے باوجود معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ گنے کی فصل تیار ہونے کے باوجود شوگر ملز بروقت نہ چلنے سے کاشتکاروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ سابقہ فصلوں کی ادائیگیاں نہ ہونے سے کسانوں کا مالی نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔
مقررین نے کہا کہ کسان مہنگے بیج، کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی اور دیگر اخراجات برداشت کرکے فصل تیار کرتا ہے، لیکن جب فصل کی فروخت کا وقت آتا ہے تو اسے مناسب معاوضہ نہیں ملتا۔ شوگر ملز کی جانب سے کرشنگ سیزن میں تاخیر اور ادائیگیوں کے مسائل کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاشتکاروں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور شوگر ملز کو مقررہ وقت پر چلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ملک عظمت اللہ خان گلوتر نے کسان بورڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے اور موجودہ پیداواری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے گنے کی قیمت کم از کم 700 روپے فی من مقرر کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوگر ملز فوری طور پر فعال کی جائیں اور کسانوں کے سابقہ واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ کاشتکار آئندہ فصلوں کی تیاری کے لیے اپنے مالی معاملات بہتر انداز میں چلا سکیں۔

مقررین نے واضح کیا کہ کسان ملکی معیشت اور غذائی ضروریات پوری کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے جائز مطالبات کو نظرانداز کرنا زراعت اور ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو شوگر ملز کے معاشی دباؤ اور استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ دھرنے کے شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کے جائز حقوق اور محنت کا مناسب معاوضہ دلانے کے لیے جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کی جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave A Comment

Advertisement