بھارتی گرینڈ ماسٹر شطرنج چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر
بھارتی گرینڈ ماسٹر ارجن ایریگائسی کو ٹوٹل چیس ورلڈ چیمپئن شپ ٹور پائلٹ کے گروپ مرحلے کے آخری روز اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بڈاپسٹ میں جاری چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے کے آخری روز ارجن ایریگائسی کو اپنی ہم وطن آر ویشالی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹائٹل کے لیے ہونے والے مرکزی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ نہ بنا سکے۔گروپ ڈی میں ارجن ایریگائسی آخری روز سے قبل فرانس کے میکسم واشیے لاگراو اور امریکی گرینڈ ماسٹر ہینس نیمین کے ساتھ سرفہرست پوزیشن کے لیے مقابلے میں تھے۔ انہوں نے دن کے پہلے مقابلے میں سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے آر ویشالی کو شکست دی اور گروپ میں دو پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔تاہم دوسرے مقابلے میں صورت حال بدل گئی۔ اس بار ویشالی نے سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ارجن ایریگائسی کو شکست دے دی۔