لاہور : این سی سی آئی اے کے 2 غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے، 12 ملزمان گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے بین الاقوامی موبائل ٹیلی کام فراڈ میں ملوث دو غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 مردوں اور 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 13 لیپ ٹاپس، 2 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 13 موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 28 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کر لی گئیں۔کارروائیوں کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے خود کی، جبکہ وہ چھاپوں کے دوران ٹیموں کے ہمراہ موقع پر بھی موجود رہے۔
مصدقہ اطلاعات اور مجاز عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد باٹا پور میں قائم ’’سلوشن ہب‘‘ اور پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں قائم ’’ٹاسک ٹیکر‘‘ نامی کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دونوں کال سینٹرز کے ذریعے کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک کے شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ، نیٹ ورک پیکجز اور سم آفرز کے نام پر مبینہ طور پر دھوکہ دیا جا رہا تھا۔ ملزمان معروف بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنیوں راجرز، بیل، ٹیلس اور اے ٹی اینڈ ٹی کے نمائندے ظاہر کرکے شہریوں سے مالی معلومات حاصل کرتے اور مبینہ طور پر غیر قانونی مالی لین دین اور کارڈنگ فراڈ میں ملوث تھے۔
پہلی کارروائی کے دوران ایک خاتون ارسلہ طاہر اور چھ مرد ملزمان محمد سمیر طاہر، حسین رضوان، عبدالرحمان، عمر خالد، سید علی مرتضیٰ اور صہیب علی کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ایک خاتون عائشہ مزمل اور چار مرد ملزمان معظم سلطان، زین اشرف، زین اور محمد فیصل کو حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران برآمد ہونے والے کمپیوٹرز اور موبائل فونز میں بیرون ملک شہریوں کو کالز کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ڈائل اَپ سافٹ ویئر اور متعلقہ ڈیٹا بھی سامنے آیا۔ تمام ڈیجیٹل ڈیوائسز قبضے میں لے کر مزید فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے نے دونوں کارروائیوں کے بعد مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔