تازہ ترین

پاکستان میں ایک ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.61 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات نے اکتوبر کے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 10.05 فیصد ریکارڈ کی گئی، اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی 0.81 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 1.49 فیصد بڑھی۔ سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 9.50 فیصد اور دیہی علاقوں میں 9.76 فیصد رہی۔

اکتوبر میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر 2.26 فیصد اضافہ ہوا۔ شہری علاقوں میں مرغی 19.38 فیصد، چنے کی دال 9.17 فیصد، گندم 9.01 فیصد، آٹا 7.54 فیصد اور تازہ سبزیاں 6.55 فیصد مہنگی ہوئیں۔ تاہم ٹماٹر 31.63 فیصد، پیاز 4.23 فیصد اور آلو 4.04 فیصد سستے ہوئے۔دیہی علاقوں میں تازہ سبزیوں کی قیمتوں میں 19.59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مرغی 16.91 فیصد، تازہ پھل 9.43 فیصد اور آٹا 9.41 فیصد مہنگا ہوا۔ دوسری جانب ٹماٹر 29.63 فیصد اور آلو 9.25 فیصد سستے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 1.79 فیصد، صحت کے اخراجات میں 0.87 فیصد جبکہ رہائش، پانی، بجلی اور گیس کے اخراجات میں 0.25 فیصد اضافہ ہوا، متفرق اشیا اور خدمات کی قیمتوں میں 0.71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔سالانہ بنیادوں پر ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 28.61 فیصد اور بجلی کے چارجز میں 22.85 فیصد اضافہ ہوا۔ شہری علاقوں میں پیاز 81.89 فیصد، گندم 39.04 فیصد اور آٹا 34.27 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ٹماٹر 55.12 فیصد، آلو 31.54 فیصد اور چینی 21.8 فیصد سستی ہوئی۔جولائی سے اکتوبر کے دوران ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 22.81 فیصد، مواصلات کے شعبے میں 13.55 فیصد جبکہ رہائش، پانی، بجلی اور گیس کے اخراجات میں 9.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

Leave A Comment

Advertisement