تازہ ترین

سعودی عرب کےشہر مکہ مکرمہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ بارش کے باعث مسجد الحرام میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے، مکہ مکرمہ پر سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد بارش شروع ہوگئی۔ بارش سے شہر اور اس کے قریبی علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والے زائرین بارش کے باوجود عبادات میں مصروف رہے۔

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) نے مملکت کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کا امکان ظاہر کیا تھا۔سعودی گزٹ کے مطابق مکہ مکرمہ، عسیر، جازان، الباحہ، مدینہ منورہ، حائل، القصیم، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ریاض اور مشرقی صوبے کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔قومی مرکز برائے موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں مختلف درجوں کے موسمی الرٹ جاری کیے ہیں، مکہ ریجن کے بعض علاقوں میں شدید بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا، جبکہ دیگر مقامات پر درمیانی بارش کے لیے اورنج الرٹ نافذ رہا۔

 

Leave A Comment

Advertisement