سکول کے طلبہ کے لئے منعقدہ بنیادی ہاکی تربیتی کیمپ اختتام پذیر
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ سرپرستی گراس روٹ سطح پر ہاکی کے فروغ کے پروگرام کے تحت بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کوئٹہ کے تعاون سے سکول کے طلبہ کے لئے منعقدہ پانچ روزہ بنیادی ہاکی تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔کیمپ میں کوئٹہ کے22 سکولوں سے تعلق رکھنے والے200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
اس دوران نوجوان کھلاڑیوں کو ہاکی کے بنیادی اصولوں، کھیل کی مہارتوں، جسمانی فٹنس اور عملی تربیت فراہم کی گئی، تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے اور انہیں قومی کھیل میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔پانچ روزہ تربیتی کیمپ کوئٹہ میں دو مقامات، شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گرائونڈ، ایوب سٹیڈیم اور اولمپین صفدر علی بابل ہاکی گرائونڈ، گلستان ٹائون میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد سکولوں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کو یقینی بنانا ہے۔