سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسزکا لکی مروت میں آپریشن،کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک
لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر خوارجی زاہد گل ہلاک ہوگیا۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق خوارجی گل بہادر گروپ سے تھا اور وہ پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا۔ زاہد گل دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔ زاہد گل نے حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری خودکش گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔ وہ بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھا، جس میں 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ ڈکیتی کی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
ہلاک دہشت گرد کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔ دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی ایک خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ زاہد گل کے اگلے اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ سکول شامل تھے، جبکہ دہشت گرد تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔