کراچی : بند فلیٹ سے 2 بچیوں سمیت ایک ہی خاندان کی 5 لاشیں برآمد
ایک اور بند فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد , جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی، ان کی دو کم سن بچیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔ لاشیں گلشن فلک ناز، بلاک جے، پلاٹ نمبر ایس تھری کی گراؤنڈ فلور پر واقع ایک کمرے کے بند اپارٹمنٹ سے ملیں۔گھر اندر سے بند تھا اور دروازے کے ہینڈل میں ورزش کے لیے استعمال ہونے والی ڈمبل راڈ پھنسا کر دروازہ بند کیا گیا تھا۔جاں بحق افراد میں 30 سے 32 سالہ شہزیب ولد نوازش علی، ان کی 28 سے 30 سالہ اہلیہ صبا، شہزیب کی 20 سے 22 سالہ بہن شمائلہ اور ان کی دو کم سن بیٹیاں شامل ہیں۔ بچیوں کی عمریں تقریباً 4 سے 5 سال اور 3 سے 4 سال بتائی گئی ہیںاطلاعات کے مطابق شہزیب اور صبا کی لاشیں صوفے پر بیٹھی ہوئی حالت میں ملیں، دونوں کے سروں پر گولی لگنے کے نشانات تھے، جبکہ صبا کی گود سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔ شاہزیب کی بہن شمائلہ اور دونوں بچیوں کی لاشیں بستر پر پڑی تھیں، جنہیں چادروں سے ڈھانپا گیا تھا۔ ابتدائی مشاہدے کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بچیوں کو فائرنگ کے واقعے سے قبل زہر دیا گیا ہو، تاہم اس کی حتمی تصدیق پوسٹ مارٹم اور دیگر تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں گراؤنڈ پلس ٹو کے مکان سے ملیں جنہیں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود ہے، بتایا جا رہا ہے کہ متوفی متوفی شاہزیب پراپرٹی ایجنٹ تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ طلب کرلیا ہے تاکہ شواہد جمع کیے جاسکیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پانچوں اموات کن حالات میں ہوئیں اور واقعے کے پیچھے اصل محرکات کیا تھے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک تحریر بھی ملی ہے جو مبینہ طور پر شاہزیب نے خودکشی سے پہلے لکھی تھی، جس میں انہوں نے اپنی بیروزگاری اور مالی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔
Leave A Comment